Wednesday, 8 February 2017

گن بوٹ راجشاہی کی کہانی

16 دسمبر 1971 ہماری تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے۔ اگر ہمارے بس میں ہوتا تو شائد یہ دن کیلنڈر سے ہی کھرچ دیتے۔ قیام پاکستان کے بعد  اپنوں اور پرایوں کی آنکھوں میں کھٹکتے پاکستان کی تاریخ بھی عجیب تاریخ ہے۔ مُنیر نیازی مرحوم کا یہ شعر ہماری بہترین تصویر کشی کرتا ہے "اک اور دریا کا سامنا تھا منیر مجھ کو، میں ایک دریا کے پار اترا تو میں نے دیکھا"۔ بھٹو نے مجیب کا مینڈیٹ تسلیم نہ کر کے جس مکروہ عمل کی بُنیاد رکھی وہ پاکستان کی شکست و ریخت پر منتج ہوئی۔ فوجی آپریشن نے اس مکروہ عمل کو مہمیز کیا کہ پاکستانیوں کے سر شرم سے جُھک گئے اور آج بھی دل زخمی ہیں۔ میں آج آپ سے نہ تو بھٹو پر بات کرنا چاہتا ہوں، نہ ہی مجیب پر، نہ ہی یحیٰی خان اور نہ ہی نیازی پر۔ عالمی اور خطے کی طاقتوں کا کیا کردار تھا یہ بھی میرا موضوع نہیں۔ میں آج آپ کو ایک کہانی سُنانا چاہتا ہوں، ایک ایسی کہانی جو ہم نے طاق نسیاں کے سپرد کر دی۔ بلامبالغہ سقوط ڈھاکہ میں شرمناک کردار بھی تھے اور شرمناک کہانیاں بھی لیکن ان پُرآشوب حالات میں بھی ایسے کردار موجود تھے اور ایسی کہانیاں بھی موجود تھیں جن پر ماضی، حال اور مستقبل میں بھی پاکستان اور پاکستانی فخر کر سکتے ہیں۔ لیکن افسوس، ہم اپنے اصل ہیروز کی قدر نہیں کرتے اور ولنز کو سر آنکھوں پر بٹھاتے ہیں۔ یہ کہانی مجھے اس لئے یاد آ گئی کہ سقوط ڈھاکہ کی آڑ میں افواج پاکستان پر تبرا اور ٹھٹھہ اڑانے کے دن آنے والے ہیں۔ یہ کہانی شروع ہوئی تلہ گنگ میں واقع ایک گاؤں دندہ شاہ بلاول میں جب وہاں فوجی پس منظر رکھنے والے گھرانے میں 10 اکتوبر 1946 کے دن ایک بچہ کی پیدائش ہوئی۔ دادا ملک محمد خان نے اپنے پوتے کا نام سکندر حیات خان رکھا۔ سکندر حیات خان کے والد ملک طیب خان نیوی سے وابستہ تھے۔ سکندر حیات خان کو ابتدائی تعلیم کے بعد ملٹری کالج، جہلم میں داخل کروا دیا گیا۔ ان کے والد پاکستان نیوی سے وابستہ تھے اس وجہ سے نوجوان سکندر حیات خان پاکستان نیوی سے مانوس تھے، اسی لئے انہوں نے جون 1968 میں پاکستان نیوی کا انتخاب کیا۔ 16 دسمبر 1971 کو انہیں سقوط ڈھاکہ کی اطلاع مل چکی تھی، قانونی طور پر وہ جنگی اسیر تھے لیکن یہ بھی جانتے تھے کہ ہر جنگی قیدی فرار کی کوشش کا حق رکھتا ہے۔ سکندر حیات خان پی این ایس راجشاہی پر تعینات تھے اور یہ جہاز ہندوستانی جنگی جہازوں کی بمباری کا نشانہ بن چُکا تھا۔ جہاز کے کمانڈر لیفٹیننٹ محمد احمد کے زخمی ہونے کے بعد پی این ایس راجشاہی کی کمان سکندر حیات خان کے سپُرد کی گئی۔ پی این ایس راجشاہی کے ہل میں کم بیش 70 سوراخ موجود تھے لیکن خوش قسمتی سے انجن سلامت تھا۔ چٹا گانگ کی بندرگاہ بھارتی بحریہ کے محاصرے میں تھی اور بارودی سُرنگیں بھی بچھا دی گئی تھیں۔ ایسے میں سکندر حیات خان نے پاکستان نیوی کے اثاثے کو دشمن کے ہاتھ میں جانے سے بچانے کا فیصلہ کیا۔ بہت جلدی میں فرار کا منصوبہ بنایا گیا اور نزدیک ترین اسلامی برادر ملک ملائشیا کی بندرگاہ پیننگ جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ 16 اور 17 دسمبر کی رات تین بجے پی این ایس راجشاہی نے ایک پُر خطر مہم کا آغاز کیا۔ جہاز میں مقررہ تعداد سے دُگنے افراد تھے، جن میں 43 جوان پاکستان نیوی، 2 افسران پاکستان ائیرفورس اور 1 افسر پی آئی اے کے شامل تھے۔ چٹا گانگ سے پیننگ کی بندرگاہ ایک ہزار میل کے فاصلے پر تھی اور جہاز کے عملے کے پاس کسی قسم کا رہنما چارٹ بھی موجود نہیں تھا۔ دُشمن ہر سمت میں صرف موجود ہی نہیں تھا بلکہ چوکس بھی تھا اس پر فتح کا نشہ الگ۔ ایسے میں ساحل کے قریب کا راستہ اختیار کیا گیا، تاکہ گن بوٹ کی آواز ساحل کے شور میں مدغم ہو جائے۔ ریڈیو اور ریڈار کو بھی خاموش رکھا گیا تاکہ دشمن کو پی این ایس راجشاہی کے فرار کی خبر نہ ہو۔ وقت تیزی سے گذرتا ہے لیکن ایسے حوصلہ آزما لمحات میں وقت بھی اپنی تیزی طراری بھول جاتا ہے۔ پی این ایس راجشاہی کا شیر دل کریو اپنی طیارہ شکن توپوں کے ساتھ دشمن کی کسی بھی کاروائی کا جواب دینے کے لئے تیار تھا۔ پھر وہ لمحہ آیا جس کے لئے پاک سر زمین کے یہ سپوت سر ہتھیلی پر لے کر نکلے تھے۔ کمانڈر سکندر حیات خان کی قیادت میں یہ جانباز بھارتی بحریہ کا محاصرہ توڑنے میں کامیاب ہو چکے تھے۔ 5 دن کی جان گسل تگ و دو کے بعد جب پیننگ کی بندرگاہ دکھائی دی تو پی این ایس راجشاہی کے مسافر اللہ کے حضور سربسجدہ ہو گئے۔ برادر اسلامی ملک ملائشیا کی بحریہ نے پی این ایس راجشاہی کا خیر مقدم کیا اور ہر طرح کی سہولیات بہم پہنچائیں۔ یہاں تھوڑا سا تزکرہ ملائشیا میں آباد پاکستانیوں کا بھی ہو جائے، جن کے مالی اور اخلاقی تعاون سے تین دن کے بعد 24 افراد اور 20 دن کے بعد مذید بیس افراد پی آئی اے کی پرواز سے کراچی بھیج دیئے گئے۔ 10 فروری 1972 کے دن کمانڈر سکندر حیات خان کریو کے 7 ارکان کے ساتھ کراچی کی بندرگاہ میں پی این ایس راجشاہی کو لے کر داخل ہوئے۔ جہاں پاکستان کے ان بہادر سپوتوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ان نامساعد حالات میں پی این ایس راجشاہی کے کمانڈر پی این نمبر 1061 لیفٹیننٹ سکندر حیات خان نے جس غیر معمولی جرات اور فراست کا مظاہرہ کیا اس کے لئے سکندر حیات خان کو ستارہ جرات سے نوازا گیا۔
Thanks to Tamoor Saify for such a glorious account !

No comments:

Post a Comment